Friday, 18 April 2025, 08:33:32 am
 
معاشی استحکام سے سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا،وزیراعظم
April 09, 2025

پاکستان نے تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے اور ٹیرف پر بات چیت کے لیے ایک اعلی سطح کا وفد امریکہ  بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس بات کا فیصلہ اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کونسل کے اجلاس کے دوران کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ وفد میں معروف پاکستانی تاجر اور برآمد کنندگان شامل ہوں گے۔

صنعتی ترقی کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اس سے ملک میں روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔

شہباز شریف نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی سے صنعتوں کی پیداواری لاگت میں کمی آئے گی جس سے پیداوار اور برآمدات دونوں میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ مقامی صنعتوں کی پیداواری لاگت کم کرنے سے پاکستانی مصنوعات کی بین الاقوامی سطح پر مسابقت ممکن ہوسکے گی۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ سے بات چیت اور قائل کرنے کے بعد بجلی کی قیمتوں کی کمی کا سہرا معاشی ٹیم کو جاتا ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ معیشت کا استحکام، مہنگائی کی شرح میں کمی، شرح سود میں خاطر خواہ کمی، عالمی اداروں کے اعتماد میں اضافہ اور دوست ممالک سے سرمایہ کاری حکومتی معاشی ٹیم کی محنت کا ثمر ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیکس نظام کی ڈیجیٹائیزیشن سے اصلاحات کے ذریعے کاروبار و سرمایہ کاری میں آسانیاں پیدا کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایک جامع مشاورتی عمل سے پائیدار ترقی کے اہداف کا حصول جلد ممکن ہوگا،جبکہ ماہرین کی تجاویز سے معیشت میں مزید بہتری لائی جارہی ہے۔

اجلاس کے شرکاء نے پاکستان کی معیشت کی ترقی بالخصوص برآمدات میں اضافے کے حوالے سے مستقبل کے لائحہ عمل پر تجاویز پیش کیں۔

انہوں نے وزیرِاعظم کو حکومت کی جانب سے صنعتوں کو فراہم کی جانے والی بجلی کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی پر خراج تحسین پیش کیا۔

شرکاء نے گزشتہ روز منعقد ہونے والی منرل انویسٹمنٹ فورم کی خصوصی پزیرائی کی اور اسے پاکستان کے معدنیات و کان کنی کے شعبے کی ترقی کیلئے ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔

شرکاء نے حکومتی پالیسی سازی کو خام مال کی بجائے ویلیو ایڈیشن اور تیار مصنوعات کی برآمد پر توجہ مرکوز کرنے کی تجویز دی۔

شرکاء نے سامان کی صنعتوں سے بندرگاہوں تک ترسیل کیلئے مواصلاتی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے، ملکی افرادی قوت کو فراہم کردہ ہنر کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنے، بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں کے ذریعے پاکستانی اشیاء کی تشہیر میں بہتری، ایکسپورٹ پروموشنل کونسلز کے قیام اور خصوصی اقتصادی زونز و صنعتی علاقوں میں سہولیات کی مزید بہتری کی تجاویز پیش کیں۔

شرکاء نے امریکہ کی جانب سے حالیہ ٹیرف کے نفاذ کے معاملے پر مذاکرات کیلئے پاکستان کے اعلی سطح وفد بھیجنے کے فیصلے کی تعریف کی۔

وزیرِاعظم نے حکومتی معاشی ٹیم کو کونسل ارکان کی تجاویز کے حوالے سے ایک قابل عمل ایکشن پلان مرتب کرکے پیش کرنے کی ہدایت کی۔

وزیرِاعظم نے اقتصادی مشاورتی کونسل کے تحت مختلف شعبہ جات کی علیحدہ علیحدہ ذیلی کمیٹیاں بنانے کی بھی ہدایت کی ،جو ان شعبوں کے حوالے سے قابل عمل تجاویز مرتب کرکے پیش کریں گی۔