امریکہ کے جنوبی اور وسط ایشیائی امور کے بیورو کے سینئر عہدیدار ایرک مائیر کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد نے راولپنڈی میں بری فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
یہ ملاقات پاکستان کے معدنی سرمایہ کاری فورم کے تناظر میں ہوئی۔
وفد نے اپنی نوعیت کے پہلے فورم کو سراہتے ہوئے باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری کے ذریعے غیر دریافت شدہ معدنی ذخائر کی تلاش کے لئے پاکستان کی پالیسی پر اعتماد کا اظہار کیا۔
امریکی انتظامیہ کی ترجیحات کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے جن میں پاکستان کے ساتھ معدنی ترقی میں تعاون کا باہمی دلچسپی کا کلیدی شعبہ ہے، ایرک مائیر نے پاکستان کے مسلسل بہتر ہوتے سرمایہ کاری منظر نامے میں بھی دلچسپی کااظہار کیا۔
ملاقات سے فریقین کو عالمی صورتحال اور علاقائی سلامتی کے لئے پاکستان کے اقدامات کے بارے میں نقطہ نظر کے تبادلے کا موقع بھی ملا۔
فریقین نے دوطرفہ تعلقات کی مثبت سمت پر اعتماد کااظہار کیا اور انہیں مزید مضبوط بنانے کے لئے حکومت کی اور کاروباری سطح پر نئی راہیں تلاش کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔