Friday, 03 May 2024, 01:01:58 pm
پولیس کے شہدا کا دن آج ملک بھر میں منایا جارہا ہے
August 04, 2020

پولیس کے شہدا کا دن آج ملک بھر میں منایا جارہا ہے ، جس کا مقصد ان پولیس اہلکاروں کوخراج عقیدت پیش کرنا ہے جنہوں نے ملک کی سلامتی اور استحکام کی خاطراپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

 پولیس فورس کی خدمات کو اجاگر کرنے کےلئے صوبائی ہیڈ کوارٹرز اور ضلع کی سطح پر خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا جارہا ہے۔

 صوبائی حکومتوں نے شہدا کے بچوں کی تعلیم کی تکمیل میں مدد کےلئے ان کےورثا کو امدادی پیکیج دینے کا اعلان کیا ہے۔

پنجاب میں آج پولیس کےشہدا کا دن منایا جارہا ہے جس کا مقصد ان بہادر پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے جنہوں نے ملک کےلئے گرانقدر قربانیاں دی ہیں۔

 پنجاب کے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ پولیس کے شہدا نے مادر وطن کےلئے جانوں کے نذرانے پیش کئے اور وہ قوم کے ہیرو ہیں۔

 انہوں نے شہدا کے اہل خانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔

 سردار عثمان بزدار نے کہا کہ حکومت کی طرف سے شہدا کے خاندانوں کی مدد کےلئے انہیں خصوصی پیکیج دیا گیا ہے۔

پولیس کے شہدا کا دن آج خیبرپختونخوا میں بھی منایا جارہا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ قیام امن کےلئے بہادر پولیس اہلکاروں کی گرانقدر قربانیاں بے مثال ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے نہ صرف ملک میں امن و استحکام کےلئے بلکہ پرامن معاشرے اور ماحول کےلئے بھی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔

 محمود خان نے کہا کہ کورونا وائرس کے تناظر میں بھی محکمہ پولیس نے ہر اول دستے کے طور پر مثالی خدمات انجام دیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے آج پولیس کے شہدا کے دن کے موقع پر ایک ٹویٹ میں کہاہے کہ پولیس کے شہدا فرض کی ادائیگی کے دوران مدد کےلئے ہر آواز پر سب سے پہلے پہنچے اور مدد کے لئے ہر آواز کا بامقصد اور وقار سے جواب دیا۔

 

 

 

Error
Whoops, looks like something went wrong.