Saturday, 05 April 2025, 02:29:59 pm
 
وزیراعظم کا اسلام آباد میں میانمارکے سفارتخانے کا دورہ
April 04, 2025

وزیراعظم شہباز شریف آج (جمعہ) اسلام آباد میں میانمار کے سفارتخانے گئے اور میانمار میں حالیہ تباہ کن زلزلے کے تناظر میں وہاں رکھی گئی تعزیتی کتاب پر دستخط کئے۔

سفارتخانے آمد پر میانمار کے سفیرWanna Han نے وزیر اعظم شہبازشریف کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔

انہوں نے وزیراعظم کی آمد کا شکریہ ادا کیا اور میانمار میں متاثرین زلزلہ کیلئے پاکستان کی طرف سے فراہم کئے جانے والے امداد ی سامان پر بھی اظہار تشکر کیا۔

وزیراعظم نے زلزلے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی تعزیت کی ۔ انہوں نے زلزلے سے وسیع پیمانے پر ہونے والی تباہی پر بھی دلی افسوس کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ آزمائش اور دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان دوستی اور ہمدردی کے جذبے کے تحت میانمار کے ساتھ کھڑا ہے۔