Saturday, 05 April 2025, 02:56:17 pm
 
حکومت توانائی کے شعبے میں نظم و نسق بہتر بنانے کے لئے اقدامات کررہی ہے، اویس لغاری
April 04, 2025

وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ حکومت توانائی کے شعبے میں نظم و نسق بہتربنانے کے لئے متعدد اقدامات کررہی ہے۔

وہ آج(جمعہ) اسلام آباد میں وزیراعظم شہبازشریف کے بجلی کی قیمتوں میں کمی کے حالیہ اعلان کے بارے میں صحافیوں کو بریفنگ دے رہے تھے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت بجلی کے پورے نظام میں اصلاحات کے لئے مختلف محاذوں پر انتھک کام کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری اور نجی شراکت داری کے تحت سستی بجلی پیدا کرنے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چھتیس نجی بجلی گھروں کے ساتھ کامیاب مذاکرات سے تین ہزار چھ سو چھیانوے ارب روپے بچانے میں مدد ملی ہے جس کے ثمرات صارفین کو پہنچائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ باقی آئی پی پیز کے ساتھ بھی مذاکرات جاری ہیں۔

سردار اویس لغاری نے کہا کہ بلوچستان میں ستائیس ہزار ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا کام تیزی سے جاری ہے۔