Thursday, 26 December 2024, 11:21:43 pm
 
صدر،وزیراعظم کا فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کیلئےغیرمتزلزل حمایت کا اعادہ
November 29, 2024

صدرآصف علی زرداری اوروزیراعظم شہبازشریف نے فلسطین کے عوام کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن پراپنے الگ الگ پیغامات میں فلسطینی عوام کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت اورآزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لئے پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت کااعادہ کیاہے جس کادارالحکومت القدس الشریف ہو۔

انہوں نے فلسطینی عوام کے لئے فوری اورغیرمشروط جنگ بندی اوربلاتعطل انسانی امدادیقینی بنانے کے لئے بین الاقوامی برادری اورخاص طورپراقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے پاکستان کی اپیل کوبھی دہرایاہے۔

صدرآصف علی زرداری نے اپنے ایک پیغام کے ذریعے اسرائیل کی جارحیت کی شدیدمذمت کی ہے۔

انہوں نے فوری جنگ بندی اورفلسطینی عوام کی نسل کشی کے خاتمے کیلئے عالمی برادری کے کردارپرزوردیا۔

وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے پیغام میں کہاہے کہ فلسطینی عوام اسرائیل کی طرف سے نہ ختم ہونے والی نسل کشی مہم کوبہادری کے ساتھ برداشت کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے مقبوضہ فلسطین میں 43ہزارسے زائدبے گناہ مردوں،عورتوں اوربچوں کوبے دردی سے شہیدکیا۔

وزیراعظم نے پاکستان کے اس عزہ کااعادہ کیاکہ وہ فلسطینی عوام کی مزاحمتی جدوجہدمیں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔