وزیراعظم شہبازشریف نے ماحول کونقصان پہنچانے والی گیسوں کے اخراج میں کمی لانے کے بارے میں رہنمااصولوں پرمبنی پالیسی وضع کرنے کے معاملے پر صوبوں سے مشاورت کے لئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔موسمیاتی تبدیلی کی پاکستان کونسل کے تیسرے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں پالیسی تشکیل دینے کے لئے وفاقی اورصوبائی حکومتیں ملکر کام کریں گی۔اجلاس کے شرکاء نے کاربن کریڈٹس میں غیرملکی تجارت کے لئے پالیسی کے رہنما اصولوں پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ صوبوں سے مشاورت کے بعد پالیسی کامسودہ کونسل کے آئندہ اجلاس میں پیش کیاجائے۔چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ نے پالیسی سازی کے حوالے سے اپنے موقف کا اظہار کرتے ہوئے تجاویز پیش کیں۔