کویت کے امیر شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح اور قطرکے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے وزیر اعظم شہباز شریف کی طرف سے پاکستان کے دورے کی دعوت قبول کر لی ہے۔
آج(اتوار) اسلام آباد میں وزیر اعظم شہباز شریف سے الگ الگ ملاقاتوں میں پاکستان میں کویت کے سفیر NASSAR ABDUL RAHMAN ALMAUTIRI اور پاکستان میں قطر کے سفیر علی مبارک علی عیسیٰ الخاطرنے یہ پیغامات پہنچائے۔
وزیر اعظم کے ساتھ ملاقات میں پاکستان کے سفیر نے کویت کے سفیر کی طرف سے ایک خط پیش کیا جس میں باہمی متفقہ تاریخوں پر پاکستان کے دورے کا ارادہ ظاہر کیا گیا ہے۔
خط موصول ہونے پر وزیر اعظم نے گزشتہ ماہ ریاض میں عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس کے موقع پر کویت کے امیر شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح سے اپنی حالیہ ملاقات کا تذکرہ کیا۔
وزیر اعظم نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پاکستان کویت مشترکہ وزارتی کمیشن کا آئندہ اجلاس اس ماہ کی اٹھائیس سے تیس تاریخ کو کویت میں ہوگا۔
اس کے ساتھ قطر کے سفیر علی مبارک علی عیسیٰ الخاطر نے بھی وزیر اعظم سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران قطر کے سفیر نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کا خط بھی پہنچایا جس میں وزیر اعظم کی جانب سے باہمی رضامندی سے طے کی جانے والی تاریخوں پر سرکاری دورے کی دعوت قبول کی گئی ہے۔
وزیر اعظم نے پاکستان اور قطر کے تاریخی برادرانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔