بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام نے اپنی سالانہ رپورٹ جاری کی ہے جس میں قومی سماجی اقتصادی رجسٹری، بی آئی ایس پی تعلیمی وظائف اور بی آئی ایس پی نشوونما جیسے اہم اقدامات کے حوالے سے کارکردگی پر روشنی ڈالی گئی ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری بینظیر انکم سپورٹ پروگرام عامر علی نے شفافیت اور ملک بھر میں مستحق خاندانوں کو اضافی امداد کی فراہمی پر توجہ دینے کے عزم پر زور دیا۔
سیکرٹری بی آئی ایس پی نے ترقیاتی شراکت داروں کو آگاہ کیا کہ ترانوے لاکھ گھرانوں کی مالی امداد میں اضافہ کرکے ہر سہ ماہی میں ساڑھے دس ہزار روپے دیئے جارہے ہیں۔
عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک، عالمی ادارہ صحت، یونیسف ، عالمی ادارہ محنت اور اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں کے ادارے اور دیگر اداروں سے تعلق رکھنے والے عالمی ترقیاتی شراکت دار اداروں کے نمائندوں نے پروگرام کی افادیت کااعتراف کیا۔