Saturday, 27 April 2024, 09:56:23 pm

مزید خبریں

 
حریت کانفرنس کا تنازعہ کشمیر کے علاقائی امن پر اثرات اُجاگر کرنے پر صدر آصف علی زرداری کاشکریہ
March 23, 2024

بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے یوم پاکستان کے موقع پرخطاب کے دوران کشمیریوں کی حمایت اور حل طلب تنازعہ کشمیرکے علاقائی امن پر اثرات کو اُجاگر کرنے پر صدر آصف علی زرداری کاشکریہ ادا کیا ہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں صدر پاکستان کے بیان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کاز کی مسلسل حمایت کرنے پر کشمیری عوام پاکستان کے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیرکے لوگوں کو پختہ یقین ہے کہ حالات جیسے بھی ہوں، پاکستان انہیں کبھی تنہا نہیں چھوڑے گا۔

ادھر، سرینگر، بانڈی پورہ، ڈوڈہ اور مقبوضہ جموں وکشمیرکے دیگر علاقوں میں ایک بار پھر پوسٹر چسپاں کئے گئے جن میں آج یوم پاکستان کے موقع پرپاکستانی عوام اور حکومت سے اظہار یکجہتی کے اور تہینتی پیغامات درج تھے۔

دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں وکشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر محمد فاروق رحمانی اورغلام محمد صفی سمیت دیگر رہنمائوںنے ایک مشترکہ بیان میں پاکستان کے عوام اور حکومت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں جاری جدوجہد تحریک پاکستان کا تسلسل ہے۔

یوم پاکستان کے موقع پرآزاد جموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں پاسبان حریت کے زیر اہتمام ایک ریلی نکالی گئی۔