کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں لوگ اپنے حق خودارادیت کا مطالبہ کرنے کی پاداش میں بھارت کا لامتناہی جبرواستبدادبرداشت کررہے ہیں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ قابض حکام کشمیریوں کی آزادی کیلئے اٹھائی گئی آوازوں کو دبانے کیلئے انہیں جھوٹے الزامات میں بار بار گرفتار کرکے سیاسی آزادی دینے سے انکاری ہیں۔
ترجمان نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں بشمول انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس، ایشیا واچ اور ایمنسٹی انٹرنیشنل سے اپیل کی کہ وہ جیلوں میں بند کشمیریوں کی رہائی کیلئے بھارت پر دبائو ڈالیں۔
نیشنل کانفرنس کے سینئر رہنما آغا سید روح اللہ مہدی نے سرینگر میں ایک میڈیا انٹرویو میں کہا کہ بھارت نے عالمی برادری کو گمراہ کرنے کیلئے مقبوضہ جموںوکشمیر میں قبرستان کی خاموشی نافذ کر رکھی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں کسی بھی ادارے کو آزادانہ کام کرنے کی اجازت نہیں ہے اورآزاد صحافت کا بھی گلا گھونٹاجارہا ہے ۔
دریں اثنا سرینگر اور بارہمولہ کے اضلاع میں قابض حکام کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔