وزیراعظم شہباز شریف نے کہاہے کہ پاکستانی قوم پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوستی میں رخنہ ڈالنے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنا دے گی۔
آج (جمعہ کو )تونسہ میں کچھی کینال کی بحالی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کی سفارتی اورمالی مدد کی ہے لیکن بعض عناصر وقتی سیاسی مقاصد کے لئے اس عظیم دوستی میں زہرگھول رہے ہیں۔
وزیراعظم نے پاکستان کے دشمنوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کیلئے اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کسی کو پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے۔
کچھی کینال کی بحالی کے حوالے سے شہبازشریف نے کہا کہ اس منصوبے سے نہر کے بالائی علاقے کی بحالی ہوگی۔ بلوچستان کے وزیراعلیٰ سرفراز احمد بگٹی کی طرف سے اٹھائے گئے ایک نکتے پر انہوں نے یقین دلایا کہ کچھی کینال کے دوسرے مرحلے کی تکمیل کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔
وزیراعظم نے بحالی کے اس کام کی تکمیل کیلئے تعاون کرنے پر پنجاب اور بلوچستان کی صوبائی حکومتوں کی بھی تعریف کی۔