Monday, 11 November 2024, 02:09:53 am
 
میر واعظ عمر فاروق کا مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کیلئے مذاکرات پر زور
September 22, 2023

بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے مذاکرات پر زور دیا ہے۔

میر واعظ عمر فاروق نے چار سال سے زائد عرصے تک گھر میں نظربندی سے رہائی کے بعد آج جامع مسجد سری نگرمیں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے زور دیا کہ جموں و کشمیر کے تنازعہ کو صرف ایک علاقائی مسئلے کے بجائے ایک انسانی مسئلہ کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔

انہوں نے غیر قانونی طور پر نظر بند تمام کشمیری سیاسی قیدیوں، صحافیوں، وکلا، سول سوسائٹی کے ارکان اور نوجوانوں کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا۔

ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں خواجہ فردوس، سید بشیر اندرابی، محمد شفیع لون اور امتیاز ریشی نے سرینگر میں اپنے الگ الگ بیانات میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال نیو یارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78ویں اجلاس کی فوری توجہ کی متقاضی ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے اپنی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کے لیے اقدامات کرے۔

جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے جاری اجلاس میں شرکت کرنے والے کشمیری وفد کے ارکان نے ورلڈ مسلم کانگریس اور فرینڈز آف کشمیر فرانس کے تعاون سے اقوام متحدہ کے دفتر کے باہر ایک احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ مظاہرے کا مقصد عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی جانب مبذول کراناتھا۔ مظاہرے میں کشمیریوں اور ان کے ہمدردوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔