صدر آصف علی زرداری نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے استعداد کار کو بڑھانے کیلئے بلوچستان میں قابل افسروں کی تعیناتی اور صوبے میں دہشت گرد عناصر کا موثر طور پر مقابلہ کرنے کیلئے قانونی لائحہ عمل بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے۔
وہ گوادر میں بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
صدر کو صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کے ساتھ ساتھ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں دہشت گرد حملوں کی روک تھام کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کردار کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
صدر کو بتایا گیا کہ صوبائی حکومت نے بلوچستان میں سیکیورٹی اور امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے موثر پالیسی اختیار کی ہے۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کے نتیجے میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔
صدر کو بتایا گیا کہ صوبائی حکومت چینی باشندوں اور غیر ملکیوں کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔