پاکستان اور قطر نے دوطرفہ تعاون مضبوط بنانے اور سکیورٹی کے شعبے میں شراکت داری بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ اتفاق رائے دوحہ میں وزیر داخلہ محسن نقوی اور اُن کے قطری ہم منصب شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ الثانی کے درمیان ملاقات میں ہوا۔
دونوں رہنماؤں نے خطے کی موجودہ صورتحال اور علاقائی امن و استحکام سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
محسن نقوی نے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان اور قطر خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص داخلی سلامتی اور علاقائی استحکام کے حوالے سے قطر کے ساتھ مل کر کام کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
قطر کے وزیر داخلہ نے کہا کہ قطر پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔