Wednesday, 21 October 2026, 03:59:09 am
 
وزیر داخلہ کا تنازعات کی روک تھام کیلئے رابطوں کی ضرورت پر زور
October 20, 2026

وزیر داخلہ محسن نقوی نے تنازعات کی روک تھام کیلئے مسلسل مذاکرات، اعتماد اور رابطوں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

وہ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں عالمی سلامتی فورم دو ہزار چھبیس سے خطاب کر رہے تھے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان نے ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور دونوں فریقوں کو مذاکرات کی میز پر لانے کیلئے ہر ممکن کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان حالیہ تنازع کے باعث مشرق وسطیٰ اور دنیا کیلئے سنگین خطرات پیدا ہوئے ہیں۔ انہوں نے چیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کردار کو اجاگر کیا جن کے عالمی رہنماؤں کیساتھ تعلقات اور مسلسل رابطوں نے مذاکرات کے دَر کھولنے میں مدد دی۔

محسن نقوی نے کہا کہ انہوں نے بھی امن کی کوششوں میں حصہ لیا جن میں تہران کے دورے اور ایرانی اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں شامل ہیں۔

پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ جنگ کے بجائے مشترکہ دفاع کا معاہدہ ہے۔