وزیراعظم محمد شہباز شریف نے زرعی خودکفالت کے حصول کیلئے زراعت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے، نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے اور تجربہ کار ماہرین سے رہنمائی حاصل کرنے کی ضرورت پر زوردیا ہے۔
اسلام آباد میں اعلیٰ سطح کے مشاورتی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے زرخیز زمین، قابل زرعی ماہرین اور محنتی کسانوں سے نوازا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ زرعی شعبے میں آگے بڑھنے کیلئے متعلقہ فریقوں کی آرا اور تجاویز کا جائزہ لے کر مربوط حکمت عملی کے ذریعے ان سے استفادہ کیا جائے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ زرعی گھریلو صنعتوں، چھوٹے و درمیانے حجم کے کاروبار اور سٹوریج کی سہولیات کو فروغ دے کر زرعی شعبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔