مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کے نگران وزیر انیق احمد نے کہا ہے کہ قرآن پاک اور مذہبی شخصیات کی بے حرمتی کے واقعات ناقابل قبول ہیں۔
کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے توہین رسالتۖ اور نفرت انگیز تقاریر کے بارے میں حکومت کے موقف کا اعادہ کیا اور سوشل میڈیا پر توہین رسالتۖ سے متعلق مواد روکنے کیلئے سخت اقدامات کا اعلان کیا۔
انیق احمد نے علمائے کرام پر حملوں کی سنگینی کے بارے میں کہا کہ حکام تحقیقات کے دوران حملوں میں ملوث عناصر کی شناخت کے قریب پہنچ گئے ہیں جن کے نام جلد ہی عوام کے سامنے لائے جائیں گے۔
نگران وزیر نے عوام کو پُرامید رکھنے پر علماء و مشائخ کے کردار کو سراہا اور یہ بات زور دے کر کہی کہ ان کے تحفظات دُور کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
نگران وزیر انیق احمد نے بڑھتی ہوئی مہنگائی اور اس کے اثرات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی پر قابو پانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم درست سمت میں جا رہے ہیں اور تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔