Sunday, 06 October 2024, 01:26:43 pm
 
حریت کانفرنس کا عالمی برادری کی مسلسل خاموشی پر افسوس کا اظہار
May 17, 2024

غیر قانونی طورپربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کشمیریوں کودرپیش مشکلات پر عالمی برادری کی مسلسل خاموشی پر افسوس ظاہر کیا ہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے ایک بیان میں کہاہے کہ عالمی برادری کی خاموشی سے مقبوضہ علاقے میں نہتے کشمیریوں پر مزید ظلم و تشد دکیلئے بی جے پی کی زیرقیادت بھارتی حکومت کی حوصلہ افزائی ہو رہی ہے۔

انہوں نے تنازعہ کشمیر کو انصاف کے بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ اصولوں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنے بنیادی حقوق کی منظم پامالیوں کے باوجود اپنی پر امن جدوجہدآزادی جاری رکھے ہوئے ہیں اوران کے پاس بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے جدوجہد جاری رکھنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے ۔

ادھربھارتی پولیس نے ایک بار پھر جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کے ترجمان ایڈووکیٹ زاہد علی کو پلوامہ میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کر لیاہے۔ انہیں4 سال سے زائد عرصے تک قید رہنے کے بعد چند روز قبل ہی جموں کی کٹھوعہ جیل سے ضمانت پر رہا کیاگیا تھا۔

آج مقبوضہ کشمیر میں قابض حکام نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق کوایک با ر پھر تاریخی جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ کی ادائیگی سے روک دیا۔

دریں اثناء پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ مودی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں 1987 جیسی صورتحال دہرانے کی کوششیں کی جارہی ہیں جب انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کی وجہ سے حالات خونریزی سمیت سنگین صورتحال اختیار کر گئے تھے ۔ بارہمولہ میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے خبردار کیاکہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انتخابات میں دھاندلی کے تباہ کن نتائج برآمد ہوں گے ۔