Friday, 26 April 2024, 08:52:24 am

مزید خبریں

 
حریت کانفرنس کا مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی بڑھتی ریاستی دہشت گردی پر تشویش کا اظہار
September 15, 2022

بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارت کی بڑھتی ہوئی ریاستی دہشت گردی پر شدید تشویش ظاہر کی ہے۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہاکہ بھارتی فوجیوں ، پولیس اور پیراملٹری فورسز کے اہلکاروں کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں گھروں پر چھاپوں اور تلاشی اور محاصرے کی نام نہاد کارروائیوں کے دوران کشمیریوں کاقتل، گرفتاریاں، املاک کی تباہی اور دیگر مظالم روز کا معمول بن چکا ہے۔ بیان میں واضح کیاگیا کہ بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے جنت نظیرجموں وکشمیر کو اس کے رہائشیوں کیلئے جہنم میں تبدیل کر دیا ہے۔

حریت کانفرنس نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لے اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا موثر کردار ادا کرے ۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں عبدالاحد پرہ، زمرودہ حبیب، یاسمین راجہ اور ڈاکٹر معصب نے اپنے الگ الگ بیانات میں بھارت اور مقبوضہ کشمیر کی مختلف جیلوںمیں غیر قانونی طورپر نظربند کشمیریوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیاہے۔ادھر آج جمہوریت کے عالمی دن کے موقع پر کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت نے کشمیریوں کو ان کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت سے محروم رکھ کر خود کو ایک جعلی جمہوریت ثابت کیا ہے۔کشمیریوںکو ان کے حق خودارادیت کی ضمانت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعدد قراردادوں میں فراہم کی گئی ہے ۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ75برس سے بدترین بھارتی مظالم کا نشانہ بننے کے باوجود کشمیری عوام نے اپنی جدوجہد آزادی کو جمہوری حقوق کے حصول تک جاری رکھنے کا عزم کر رکھا ہے ۔