Friday, 27 December 2024, 05:12:41 am
 
کھیلوں کی سرگرمیوں کا فروغ حکومت کی ترجیح ہے،رانا ثنا اللہ
December 14, 2024

وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے نوجوانوں کو صحت مند تفریحی مواقع فراہم کرنے کے لیے  کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد کے حوالے سے حکومتی عزم کا اظہار کیا ہے۔

وہ پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں شروع ہونے والے قائداعظم بین الصوبائی گیمز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ بین الصوبائی کھیلوں کے مقابلے ہر دو سال بعد منعقد کئے جانے چاہیئے۔

رانا ثناء اللہ خان نے اعلان کیا کہ قائداعظم بین الصوبائی گیمز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو ہائی پرفارمنس سپورٹس اکیڈمی میں داخلہ دیا جائے گا جو وزیراعظم شہباز شریف کے ویژن کے تحت تکمیل کے قریب ہے، کھلاڑی اکیڈمی میں بین الاقوامی معیار کی تربیت حاصل کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ 2 ارب 7 کروڑ روپے کی لاگت سے قائم ہونے والی اکیڈمی میں ایک جدید ترین بائیو مکینکس لیب شامل ہوگی جو کھلاڑیوں کی کارکردگی اور فٹنس کو بہتر بنانے کے لیے بنائی گئی ہے۔کھیلوں کے فروغ کے لیے حکومت کے اہم اقدامات کا خاکہ پیش کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ خان نے کہا کہ محکمانہ کھیلوں کو بحال کیا جائے گا،تمام محکموں اور خود مختار اداروں کو ہدایت کی جائے گی کہ وہ اپنی ٹیمیں تشکیل دیں اور کھلاڑیوں کے لیے خصوصی کوٹہ اور وظائف مختص کریں۔