Saturday, 21 December 2024, 05:45:19 pm
 
پاکستان،چین کے وزرائے اعظم کا نیو گوادر انٹرنیشنل ائرپورٹ کا آن لائن افتتاح
October 14, 2024

وزیراعظم شہبازشریف اور چین کے وزیراعظم لی چیانگ نے نیو گوادر انٹرنیشنل ائرپورٹ کا آن لائن افتتاح کیا ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف نے آج (پیر کو) شام اسلام آباد میں ایک افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گوادر انٹرنیشنل ائرپورٹ کی تکمیل چین کی طرف سے ایک تحفہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی اقتصادی ترقی کے ایجنڈے میں تعاون اور ملک کے پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لئے چین کے عزم کا اظہار ہے۔

انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ اس ائرپورٹ کی تکمیل سے نہ صرف گوادر کی معیشت بلکہ ملک کی معیشت میں بھی بہتری آئے گی۔

شہبازشریف نے چینی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے گوادر میں عالمی معیار کا ائرپورٹ تعمیر کرنے پر پاکستان اور چین کے انجینئرز اور کارکنوں کی انتھک کاوشوں کو سراہا۔شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تجارت ،صنعت او ر زراعت کے شعبوں میں شراکت داری میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔پاکستان اور چین کے درمیان اس سے قبل چین کو جانوروں کے گوشت کی برآمد،مشترکہ لیبارٹرز کی تعمیر اور سمارٹ کلاس روم پراجیکٹ سمیت مفاہمت کی یادداشتوں ،خطوط،پروٹوکول، اور معاہدوں کی دستاویزات کا تبادلہ ہوا۔

اسی طرح روزگارکے حوالے سے سی پیک کے ورکنگ گروپ کے تعاون کے فروغ،انفارمیشن اور مواصلات کے شعبے میں تعاون مستحکم کرنے،آبی تحفظ کے بارے میں تعاون کے فروغ،سیلاب قدرتی آفات کی روک تھام اور سکیورٹی تعاون کے استحکام کے لئے مفاہمت کی یادداشتوں کی دستاویزات کا تبادلہ کیا گیا۔