Friday, 14 March 2025, 05:30:08 pm
 
وزیراعظم کا کھلاڑیوں کوتمام ضروری سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا اظہار
March 14, 2025

وزیراعظم شہباز شریف نے ایتھلیٹس کو بین الاقوامی مقابلوں کیلئے ہرممکن سہولت اور وسائل فراہم کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

انہوں نے آج(جمعہ) اسلام آباد میں ہنگو سے تعلق رکھنے والے فٹبال کے کھلاڑی محمد ریاض سے ملاقات کے دوران کہا کہ نوجوان ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو کھیلوں اور دوسری صحت مندانہ سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے۔

وزیراعظم نے محمد ریاض کو اُن کا کھیل جاری رکھنے اور پاکستان میں فٹبال کے فروغ میں فعال کردار ادا کرنے کے حوالے سے اُن کی حوصلہ افزائی کی۔

شہباز شریف نے محمد ریاض کو اُن کے ترجیحی وفاقی ادارے میں ملازمت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے فٹبالر محمدریاض کے ہمت وحوصلے کی پذیرائی کی اور25 لاکھ روپے کا امدادی چیک دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو ہر قسم کی سہولیات اور بین الاقوامی سطح پر مسابقت کیلئے وسائل کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے مایہ ناز کھلاڑیوں کو ان کی صلاحیتوں کے مطابق سرکاری اداروں میں ملازمتیں دی جائیں اور ملک میں کھیلوں کے فروغ کیلئے اقدامات تیزکئے جائیں۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑیوں کی بہبود اور انہیں روزگار کے پائیدار مواقع فراہم کرنے کیلئے حکمت عملی تشکیل دی جائے۔

انہوں نے کہا نوجوان کھیلوں اور دیگر صحت مند سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

فٹبالر محمد ریاض نے وزیراعظم کی جانب سے مالی تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

ملاقات میں وفاقی وزراء عطاء اللہ تارڑ، شزہ فاطمہ خواجہ، مشیر وزیراعظم رانا ثناء اللہ، چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان اور میڈیا کوآرڈی نیٹر بدر شہباز وڑائچ بھی موجود تھے۔