وزیراعظم محمد شہبازشریف نے ہدایت کی ہے کہ ملک کی جامعات میں دی جانے والی آئی ٹی تربیت کو بین الاقوامی منڈیوں کی ضروریات سے ہم آہنگ کیا جائے۔
انہوں نے یہ ہدایات آج اسلام آباد میں آئی ٹی کے شعبے میں اعلیٰ تعلیم کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ زیادہ تر یونیورسٹیوں میں آئی ٹی کی تعلیم جدید صنعت کے تقاضوں کے مطابق نہیں ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ پاکستان بھر کی یونیورسٹیوں میں آئی ٹی کی تعلیم اور تربیتی پروگراموں کا تیسرے فریق سے آڈٹ کرایا جائے۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو عصری تقاضوں اور اُبھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز بشمول مصنوعی ذہانت، ڈیٹا سائنس اور روبوٹکس کے مطابق نوجوانوں کو اعلیٰ معیار کی آئی ٹی تربیت سے آراستہ کرنے کا لائحہ عمل پیش کرنے کی ہدایت کی۔