صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہر سطح پر بدعنوانی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا ہے۔
آج(پیر) منائے جانے والے انسداد بدعنوانی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے کہا کہ یہ دن بدعنوانی کے خلاف جنگ، شفافیت کو فروغ دینے اور احتساب کو برقرار رکھنے کے لئے تمام اقوام کی اجتماعی ذمہ داری کی یاد دہانی کا کام کرتا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بدعنوانی عوامی اعتماد کو مجروح کرتی ہے، اہم وسائل کو ضائع اور سماجی و اقتصادی ترقی کو روکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہآج پاکستان سخت احتسابی اقدامات کو نافذ کرکے اور گورننس میں شفافیت کو فروغ دے کر بدعنوانی کے خاتمے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ بدعنوانی ایک گھنائونا عنصر ہے جو معاشی ترقی کو نقصان پہنچاتا ہے اور معاشروں کے سماجی تانے بانے کو تباہ کرتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہماری نوجوان نسل ایسے مستقبل کی مستحق ہے جہاں وہ کرپشن سے پاک ترقی کر سکیں۔
وزیراعظم نے تمام پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ بدعنوانی سے پاک مستقبل کے لئے اپنا کردار ادا کریں اور ایک ایسے پاکستان کی تعمیر کا اعادہ کیا جہاں عوامی وسائل عوام کی فلاح و بہبود کے لئے مؤثر انداز میں استعمال کیے جائیں۔