Thursday, 26 December 2024, 04:04:49 pm
 
وزیرِاعظم کی ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافے پر قوم کو مبارکباد
December 09, 2024

وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافے پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے اظہار تشکر کیا ہے۔

وزیراعظم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ رواں برس نومبرمیں 2اعشاریہ 9 ارب ڈالر کی ترسیلات زر بھیجنے پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مشکور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  نومبر 2024 میں گزشتہ برس کے مقابلے ترسیلات زر میں 29 فیصد اضافہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔ 

وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ برس کے مقابلے میں رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں ترسیلات زر 33 اعشاریہ 6 فیصد سے بڑھ کر 14 اعشاریہ 8 ارب  ڈالر تک پہنچ گئیں جو خوش آئند ہے اور معیشت کیلیے اچھے ثمرات لے کر آئے گا۔ 

محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اللہ کے فضل و کرم سے حکومتی معاشی ٹیم کی کاوشیں رنگ لا رہی ہیں،بیرون ملک سے پاکستان میں سرمایہ کاری، مہنگائی کی شرح میں بڑی کمی اور معاشی استحکام کا سہرا حکومتی ٹیم کو جاتا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا فخر اور پاکستان کے سفیر ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں جو دنیا بھرمیں اپنی صلاحیتوں سے پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔