Thursday, 26 December 2024, 03:12:48 pm
 
حکومت مدارس کے طلباء کی بہتری کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی،وفاقی وزراء
December 09, 2024

دینی مدارس کے اندراج اور انکی اصلاحات کے بارے میں علماء ومشائخ کا اہم اجلاس آج اسلام آباد میں ہوا۔

وزیرتعلیم خالد مقبول صدیقی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ دینی مدارس کے اندراج کا فیصلہ 2019 میں اتفاق رائے سے ہوا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد دینی مدارس کو کنٹرول کرنا نہیں بلکہ اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ پورا ملک ان سے استفادہ کرسکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزارت تعلیم دینی مدارس سے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔

وزیرمذہبی امور چودھری سالک حسین نے کہا کہ وہ دینی مدارس کے طلباء کے بہتر مستقبل کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ان طلبا کیلئے جدید تعلیم بھی اہم ہے۔

وزیراطلاعات ونشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ مذہبی مدارس کے وزات تعلیم کے ساتھ رجسٹریشن کے مثبت نتائج برآمد ہونا شروع ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ دینی مدارس کے طلباء اب سائنس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رجسٹریشن کا طریقہ کار تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام سے تفصیلی مشاورت کے بعد وضع کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اس کا بنیادی مقصد دینی مدارس کے طلباء کو قومی دھارے میں لانا ہے۔

انہوں نے اس حوالے سے علمائے کرام کے تعاون کو سراہا۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ ہم اس معاملے پر جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی تجاویز بھی سنیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ایک ایسا حل نکالا جائے جو سب کیلئے قابل قبول ہو۔