وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے مجموعی اورپائیدار ترقی اورعوامی بہبود میں اضافے کے اقدامات میں معاونت کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔
اسلام آباد میں سماجی بہبود کیلئے مالی معاونت کے بارے میں وزیراعظم کی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے نجی شعبے کو بااختیار بنانے پر بھی زوردیا تاکہ وہ بامقصد سماجی بہبود کے عمل میں قائدانہ کردار ادا کرسکے۔
وزیرخزانہ نے سماجی بہبود کی غرض سے مالی معاونت کیلئے جامع پالیسی اور ریگولیٹری لائحہ عمل کی تشکیل میں حکومت کے کردار کو اجاگر کیا۔
انہوں نے اس بات پر بھی زوردیا کہ نجی شعبے کو عملدرآمد کی کوششوں میں قائدانہ کردارادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ نجی شعبہ اس سلسلے میں پہلے ہی غیرمعمولی کردار ادا کررہا ہے اورہمیں ایک اور سرکاری ادارہ قائم کرنے کی بجائے سازگار ماحول قائم کرنے پر توجہ مرکوز کرنی چاہئیے۔