Friday, 27 December 2024, 06:06:42 am
 
کوئٹہ:ریلوے اسٹیشن پر دھماکہ، 24 افراد جاں بحق 62 افراد زخمی
November 09, 2024

کوئٹہ میں ریلوے اسٹیشن پر دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر چوبیس ہو گئی ہے جبکہ باسٹھ افراد زخمی ہوئے ہیں۔کمشنر کوئٹہ کے مطابق زخمی افراد سی ایم ایچ اور سول ہسپتال کوئٹہ میں زیر علاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک خودکش دھاکہ تھا اور موقع سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد تحقیقات جاری ہیں۔پاکستان ریلوے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عامر علی بلوچ نے کہا ہے کہ عوام معلومات کیلئے اطلاعاتی ڈیسک نمبر 081-9201214 اور ریلوے انکوائری نمبر 117 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن کے قریب بم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔

انہوں نے اپنے الگ الگ پیغامات میں حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

قائم مقام صدر نے اپنے پیغام میں کہا کہ دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں جو بے گناہ لوگوں کو نشانہ بناتے ہیں۔انہوں نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کرنے کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ بے گناہ افراد کے جان و مال کو نقصان پہنچانے والے دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیراعظم نے بلوچستان حکومت سے واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ بھی طلب کی ہے۔

حکومتی اور سیاسی رہنمائوں، علمائے کرام اور تمام شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کوئٹہ ریلوے سٹیشن پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔تمام صوبوں کے گورنرز اوروزرائے اعلیٰ نے اپنے الگ الگ پیغامات میں اس واقعے کی شدید مذمت کی ہے اور دہشت گردوں کو انسانیت کا دشمن قرار دیا ہے۔چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی، دوسرے معروف مذہبی دانشوروں، بشپ آزاد مارشل اور سردار بشن سنگھ نے اس اقدام میں ملوث افراد کو بے رحم دہشت گرد اور قاتل قرار دیا ہے۔انہوں نے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ پوری قوم خوارج دہشت گردوں کے خلاف متحد ہے۔