Friday, 27 December 2024, 04:15:05 am
 
قائم مقام صدر و وزیراعظم کا قومی شاعر ڈاکٹر علامہ اقبال کو دلی خراج عقیدت پیش
November 09, 2024

قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے قومی شاعر ڈاکٹر علامہ اقبال کو اُن کی ایک سو سینتالیسویں سالگرہ پر دلی خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

اپنے پیغام میں قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ علامہ اقبال کی کوششوں نے برصغیر کے مسلمانوں کو متحد کیا اور اُن کے افکار اور تقاریر نے اُنہیں اپنے لیے ایک الگ وطن کے حصول کی کوششوں کیلئے

متحرک کیا۔اُنہوں نے کہا کہ ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا پیغام اسلامی اقدار پر زور دیتا ہے، روحانی اور ثقافتی احیاء کی وکلالت کرتا ہے جو پاکستان کی پہچان بنا۔ جب کہ اُن کے تصورات پاکستانی اقدار اور ترقی کے لیے کوششوں میں

نوجوانوں کی رہنمائی اور اُنہیں آگاہی فراہم کرتے رہیں گے۔

اپنے پیغام میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ اقبال کے فلسفہ نے برصغیر کے مسلمانوں میں الگ وطن کے خواب کو بیدار کیا جس سے پاکستان کا قیام ممکن ہوا۔

اُنہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کی خودانحصاری، خودآگاہی اور اتحاد کی تعلیمات بحیثیت قوم ہمارے لیے ترقی اور خوشحالی کیلئے تحریک کا باعث ہیں۔

اُنہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اعتدال پسندی سے آگے بڑھیں اور اٹل یقین اور مسلسل محنت سے عظمت حاصل کریں۔

وزیر اعظم نے علامہ اقبال کے انصاف، مساوات اور کمال کے نظریات کے ذریعے قوم کی تعمیر پر عمل پیرا ہونے کے عزم کا اعادہ کیا۔