صدر آصف علی زرداری نے ملکی معیشت کی بہتری کیلئے شرح منافع کو مزید معقول بنانے، سستی توانائی کی فراہمی اور برآمد پر مبنی صنعتوں سے تعاون کے ذریعے کاروبار دوست ماحول
فراہم کرنے پر زور دیا ہے۔
صدر نے ان خیالات کا اظہاراسلام آباد میں 12ویں وفاق ہائے پاکستان ایوان صنعت وتجارت ایکسیلینس ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ ملک کی سٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری کرنے کے ساتھ ساتھ ایسی برآمدی صنعتوں پر توجہ مرکوز کرے جوچھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار
اور لوگوں کو روزگارفراہم کرنے کیلئے کوشاںہیں۔
صدر نے کہا کہ ملک کو معاشی مسائل سے نمٹنے کیلئے جامع حکمت عملی کی ضرورت ہے۔
آصف علی زرداری نے ایف پی سی سی آئی سے کہا کہ وہ برآمدات کو فروغ دینے اور ملکی صنعتوں کی حوصلہ افزائی کرنے والی پالیسیاں مرتب کرنے میں مدد ینے کیلئے اپنی قیمتی رائے دے۔صدر نے تاجر برادری کے ارکان میں ان کی شاندار کارکردگی اور معیشت میں ان کے کردار پرایوارڈز بھی تقسیم کئے۔