وزیراعظم محمد شہباز شریف کی صدارت میں توانائی کے بارے میں کابینہ کی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں بجلی کی پیداوار اور خریداری کے لیے آزادانہ نظام اور مارکیٹ آپریٹر کے قیام کی منظوری دی گئی۔
وفاقی کابینہ سے بھی اس نظام کی منظوری لی جائے گی۔
آئی ایس ایم او کو کمپنیز ایکٹ 2017 کے تحت سیکورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن کے ساتھ رجسٹرڈ کیا جائے گا۔
یہ نظام بتدریج حکومت کے بجلی کے واحد خریدار کی حیثیت کو ختم کرکے بجلی کی مارکیٹ کو ملٹی پلیئر آزاد مارکیٹ میں تبدیل کردے گا۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بجلی کے شعبے میں اصلاحات کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جارہے ہیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ بجلی چوری میں ملوث تقسیم کار کمپنیوں کے ملازمین کے خلاف محکمانہ کاروائی کی جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بجلی کے شعبے میں اصلاحات اور بجلی چوری کی روک تھام کیلئے توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے جدید ٹیکنالوجی سے کام لیا جائے۔