Wednesday, 16 October 2024, 09:02:47 am
 
ملک بھر میں ایک ہفتہ پر مشتمل خصوصی انسداد پولیو مہم جاری
September 09, 2024

ملک بھر میں ایک ہفتہ پر مشتمل خصوصی انسداد پولیو مہم جاری ہے۔

مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا رہے ہیں۔وزیراعظم شہبازشریف نے ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے اسلام آباد میں ایک تقریب میں مہم کا افتتاح کیا۔ ملک بھر کے ایک سو پندرہ اضلاع میں مہم کا مقصد تین کروڑ بچوں کو اس مہلک بیماری سے بچاؤ کے قطرے پلانا اور انہیں زندگی بھر کی معذوری سے بچانا ہے۔پولیو مہم کے تحت تقریباً دو لاکھ چھیاسی ہزار پولیو کارکن گھر گھر جاکر بچوں کو پولیو کے قطرے پلا رہے ہیں۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں اور شراکت داروں کے ساتھ ملکر ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے میں کامیاب ہوجائے گی۔انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو زندگی بھر کی معذوری سے بچانے کیلئے پولیو کے قطرے پلائیں۔