نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کو دوبارہ اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے پرعزم ہے۔
لندن میں پاکستانی نژاد برطانوی ارکان پارلیمنٹ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی شرح اب دس فیصد سے کم ہوگئی ہے اور مستحکم کرنسی کی بدولت حسابات جاریہ کا خسارہ قابو میں آگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے مشکل اور سیاسی طور پر غیر مقبول اقدامات کے اب مثبت ثمرات ملنا شروع ہوگئے ہیں۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی بدولت پاکستان میں توانائی ، کان کنی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور زراعت کے شعبوں میں نمایاں طور پر غیر ملکی سرمایہ کاری سامنے آرہی ہے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت کسی بھی داخلی یا خارجی عناصر کو پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے سفر میں رکاوٹ نہیں ڈالنے دے گی۔نائب وزیراعظم نے برطانوی ارکان پارلیمنٹ کی طرف سے غزہ اور بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں بے گناہ شہریوں پر مظالم کے خلاف آواز بلند کرنے پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔