Wednesday, 12 March 2025, 09:22:43 am
 
کشمیری رہنما محمد افضل گوروشہید کی برسی
February 09, 2025

کنٹرول لائن کے دونوں طرف اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج(اتوارکو) سرزمین کشمیر کے ممتاز سپوت محمد افضل گورو کی شہادت کی 12ویں برسی اس عزم کی تجدید کیساتھ منارہے ہیں کہ وہ بھارتی تسلط سے آزادی تک اپنی جدوجہد ہر قیمت پر جاری رکھیں گے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محمد افضل گورو کو 9 فروری 2013 کو نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں ان کے اہل خانہ کوا طلاع دیئے بغیر خفیہ طورپر پھانسی دے دی گئی تھی۔

قانونی ماہرین اور انسانی حقوق کے علمبرداروں نے ان کی پھانسی کو عدالتی قتل قرار دیاتھا جو بھارت کی نام نہاد جمہوریت پر سیاہ دھبہ ہے۔

افضل گورو کے جسد خاکی کو باضابطہ تدفین کیلئے ان کے اہل خانہ کے سپرد نہیں کیاگیا۔

کل جماعتی حریت کانفرنس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ افضل گورو جیسے شہدانے کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کو نئی جلا بخشی ہے۔

ان کی قربانی نے نئی نسلوں کو بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف مزاحمت جاری رکھنے کی ترغیب دی۔

حریت کانفرنس نے اس بات کا اعادہ کیا کہ بھارت نوجوانوں کے منظم اندازمیں بہیمانہ قتل سمیت اپنے وحشیانہ ہتھکنڈوں سے کشمیر یوں کی منصفانہ جدوجہد کو دبانے میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا جس کا اعتراف اقوام متحدہ نے بھی کیاہے۔

دیگر حریت رہنماؤں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر بھارت کو جوابدہ ٹھہرائے اور تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے اس پر دباؤڈالے۔

ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس نے منگل کو ممتاز حریت پسند کشمیری رہنما محمد مقبول بٹ کی 41 ویں برسی کے موقع پر مکمل ہڑتال کی اپیل کی ہے۔

بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ علاقے میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔

نوجوانوں کو آزادی کی حمایت میں سرگرمیوں سے روکنے کیلئے گھروں پر چھاپو ںکے دوران کئی نوجوانوں کو گرفتار کرلیا گیاہے۔

بھارتی فوج نے سری نگر، گاندربل، اسلام آباد، بڈگام، پلوامہ، شوپیاں، بانڈی پورہ، سانبہ اور کشتواڑ سمیت متعدد اضلاع میں بڑے پیمانے پر چھاپوں کے دوران سم کارڈ کے کاروبار سے وابستہ 30 سے زائد افراد کو گرفتار کرنے کی تصدیق کی ہے۔