Monday, 02 December 2024, 01:43:56 am
 
وزیراعظم کا تین ماہ کے بجلی سہولت پیکج کا اعلان
November 08, 2024

وزیراعظم نے گھریلوتجارتی اور صنعتی صارفین کو بڑا ریلیف دینے کیلئے موسم سرما کے بجلی سہولت پیکج کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے بجلی کے گھریلو ، تجارتی اور صنعتی صارفین ریلیف فراہم کرنے کیلئے تین ماہ کے الیکٹرسٹی سہولت پیکج کا اعلان کیا ہے ۔

آج(جمعہ کی) شام اسلام آباد میں یوم اقبال کے سلسلے میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یہ پیکج دسمبر2024 سے آئندہ سال فروری تک بجلی کے اضافی استعمال پر ملے گا۔

پیکج کی تفصیل بتاتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ گھریلو صارفین سے فی یونٹ 26 روپے سات پیسے کے یکساں نرخ وصول کئے جائیںگے جس سے انھیں مختلف ٹیرف سلیبز پرفی یونٹ گیارہ روپے بیالیس پیسے سے 26 روپے کی بچت ہوگی۔

انہوں نے مزید کہاکہ صنعتی صارفین فی یونٹ پانچ روپے 72 پیسے سے پندرہ روپے تک فی یونٹ بچا سکیںگے جس سے انھیں اٹھارہ سے 37 فیصد تک بچت ہوگی جبکہ تجارتی صارفین کو فی یونٹ تیرہ روپے چھیالیس پیسے سے بائیس روپے تک بچت ہوگی۔

تجارتی صارفین کو مجموعی طورپر چونتیس سے سینتالیس فیصد بچت ہوگی۔

شہبازشریف نے کہاکہ اس پیکج کا اطلاق پورے ملک پر ہوگا۔