Monday, 09 December 2024, 10:36:29 pm
 
وزیراعظم آئی ٹی برآمدات میں25 ارب ڈالر کا ہدف حاصل کرنے کیلئے پرعزم
November 08, 2024

وزیراعظم شہباز شریف نے آئندہ تین سال کے عرصے میں آئی ٹی کی برآمدات میں پچیس ارب ڈالرزکے ہدف کے حصول کے لئے حکومت کا عزم ظاہر کیاہے۔

انہوں نے آج(جمعہ کو) اسلام آباد میںVEON گروپ کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبے کے فروغ اور اس کی ترقی کے لئے کام کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں تیز تر اور قابل اعتماد انٹرنیٹ سروسز کے لئے فائیو جی انٹرنیٹ متعارف کرانے کے لئے اقدامات کیے جارہے ہیں جس سے ڈیجیٹل پاکستان کے ویژن کے حصول میں بھی مددملے گی۔

وزیراعظم نے آن لائن بینکاری اور ڈیجیٹل معیشت کے فروغ میں ٹیلی کام کے کردار کو نہایت اہم قرار دیتے ہوئے انفارمیشن ٹیکنالوجی' ڈیجیٹائزیشن اور مصنوعی ذہانت کے فروغ کے لئےVEON گروپ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

وفد نے ملک میں معاشی استحکام کے لئے حکومتی کوششوں کو سراہا۔ وفد نے اعتراف کیا کہ پاکستان آئی ٹی اور ٹیلی کام شعبے میں سرمایہ کاری کے لئے اہم ملک بن چکا ہے۔