Wednesday, 24 June 2026, 11:19:08 am
 
وفاقی وزیرخزانہ کا ملکی معیشت میں نجی شعبے کے کردار پرزور
October 08, 2025

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ نجی شعبے کو پاکستان کی اقتصادی ترقی کی قیادت کرنی چاہئے، جبکہ حکومت کا کردار ایک معاون ماحولیاتی نظام کی فراہمی ہونا چاہئے۔

وہ اسلام آباد میں ایکومین کی بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر JACQUELINE NOVOGRATZکی زیرقیادت کمپنی کے اعلیٰ سطح کے وفد سے گفتگو کررہے تھے۔

وزیر خزانہ نے واضح کیا کہ پاکستان برآمدات پر مبنی ترقی کے ماڈل کی جانب گامزن ہے جس میں ٹیرف اصلاحات اور ذمہ دارا نہ مالیاتی انتظام کی حمایت حاصل ہے۔

ایکومین کی مسلسل شمولیت اور پاکستان میں زراعت اور موسمیاتی استحکام پر اس کی توجہ کو سراہتے ہوئے انہوں نے توانائی اور مالیاتی بے پناہ اخراجات سے نمٹنے، سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنانے اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ مضبوط بنانے کے لیے حکومت کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے JACQUELINE NOVOGRATZنے پاکستان کے ساتھ ایکومین کی خاص طور پر زراعت، موسمیاتی استحکام، توانائی اور غربت میں کمی کیلئے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے پاکستانی عوام اورسماجی اور اقتصادی اثرات پیدا کرنے والے خیالات میں سرمایہ کاری جاری رکھنے کے ایکومین کے عزم کو دہرایا۔