Wednesday, 24 June 2026, 11:12:57 am
 
وزیراعظم کا ملائیشیا سے تجارتی تعلقات مضبوط بنانے کا عزم
October 07, 2025

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملائیشیا کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

وہ آج (منگل) کوالالمپور میں ملائیشین بزنس گروپ گوبی پارٹنرز کے وفد سے بات چیت کر رہے تھے، جس کی قیادت گروپ کے شریک بانی اور چیئرمین تھامس جی سائوکر رہے تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں تعاون بڑھانے کی بے پناہ استعداد موجود ہے۔

شہباز شریف نے اس امر کا اعادہ کیا کہ حکومت پاکستان میں کاروباردوست ماحول بنانے اور کاروبار کرنے میں آسانی کو بہتر بنانے کیلئے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل بیرونی سرمایہ کاروں کو ہر قسم کی سہولتوں کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے ۔

پاکستان کے اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم میں گوبی پارٹنرز کے اعتماد کا خیرمقدم کرتے ہوئے، وزیراعظم نے کہا کہ ایک پائیدار سٹارٹ اپ نظام کی تعمیر کیلئے بین الاقوامی اور ملکی سرمایہ کو متحرک کرنا ہماری ترجیح ہے۔

اس موقع پر گوبی پارٹنرز کے وفد نے پاکستان میں ای-کامرس اور فنانشل ٹیکنالوجیز کے شعبے میں اشتراک میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔