وزیراعظم محمد شہبازشریف دو روزہ دورے پر آج(منگل) سعودی عرب روانہ ہوں گے جہاں وہ ریاض میں آبی وسائل کے بارے میں سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
سعودی عرب ، فرانس ، قازقستان اورعالمی بنک نے مشترکہ طورپر یہ سربراہ اجلاس بلایاہے جس کا مقصد اعلیٰ سطح پر سیاسی عزم وارادے سے آبی وسائل کے انتظام کیلئے عالمی سطح پر تعاون کوفروغ دینااور مربوط حکمت عملی وضع کرنا ہے ۔
سربراہ اجلاس کے موقع پر وزیراعظم گول میز اجلاس سے تازہ پانی کے وسائل اورآبی وسائل والی زمین کی بحالی و تحفظ اور اس سے استفادہ کرنے کے حوالے سے کلیدی خطاب کریں گے۔
وزیراعظم پاکستان کے ان اقدامات کو بھی اجاگر کریںگے جو آبی تحفظ کے فروغ، ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کی استعدادکار بڑھانے، پانی کا معیار بہتر بنانے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کیلئے کئے جارہے ہیں۔
وزیراعظم ماحولیاتی اثرات سے آنے والے سیلابوں کے نقصانات ، شدید موسمی حالات ، آبی وسائل اور ماحولیاتی نظام پر حدت کے اثرات سے نمٹنے کیلئے بین الاقوامی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کریںگے۔وہ آبی وسائل کو بروئے کار لانے کے پائیدار نظام کیلئے بین الاقوامی سطح پر بامقصد تعاون پر بھی زوردیں گے۔
سربراہ اجلاس کے موقع پر وزیراعظم کی دوطرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔