Wednesday, 08 May 2024, 07:26:58 am
حریت رہنما شبیر احمد شاہ کی کشمیریوں سے5اگست کو یوم سیاہ منانے کی اپیل
August 03, 2022

بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جمو ں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کشمیری عوام سے پانچ اگست کو یوم سیاہ کے طور پرمنانے کی اپیل کی ہے جس کا مقصد دنیا کو یہ واضح پیغام دینا ہے کہ کشمیری جموں و کشمیر پر بھارت کے غیرقانونی قبضے کو تسلیم نہیں کرتے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر وائس چیئرمین شبیر احمد شاہ نے تہاڑ جیل جبکہ نائب چیئرمین غلام احمد گلزار نے سرینگر سنٹرل جیل سے اپنے خصوصی پیغامات میں زوردیا کہ جمعہ کو مکمل ہڑتال ، سول کرفیو اور بڑے پیمانے پر مظاہر ے کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پانچ اگست کشمیر کی موجودہ تاریخ میں ایک درد ناک اور سیاہ ترین دن ہے اور کشمیری ہمیشہ اسے استحصال ، غم اور سیاہ دن کے طور پر منائیں گے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ جاری تحریک آزادی کی کامیابی کیلئے خصوصی دعائیں کریں۔ پانچ اگست 2019 کو بھارتی نو آبادیات کی بدترین مثال قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہی وہ دن تھا جب بھارت نے اپنے زیرقبضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی۔ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میرواعظ عمر فاروق نے جو چار اگست2019 سے مسلسل گھر میں نظر بند ہیں سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیری عوام اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد آزادی جاری رکھیں گے۔بھارت مظالم کے ذریعے کشمیریوں کو ان کا نا قابل تنسیخ حق حاصل کرنے سے روک نہیں سکتا۔