Thursday, 26 December 2024, 03:43:10 pm
 
مہنگائی میں کمی سے عام آدمی پر بوجھ کم ہوگا، وزیراعظم
December 02, 2024

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ حکومت کی جاری کوششوں کی بدولت مہنگائی میں کمی آئی ہے اور اب ترقی پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے آج(پیر کو) اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک اچھی خبر ہے کہ مہنگائی کی شرح چار اعشاریہ نوفیصد پر آگئی ہے جو گزشتہ سترماہ کے دوران کم ترین ہے۔

وزیراعظم نے یقین ظاہر کیا کہ مہنگائی میں کمی سے عام آدمی پر بوجھ کم ہوگا۔

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ مہنگائی کی شرح میں کمی کے نتیجے میں سٹیٹ بنک آف پاکستان پالیسی ریٹ میں کمی آئے گی۔

شہبازشریف نے کہا کہ اسلام آباد میں حالیہ احتجاج کے نتیجے میں غیر یقینی صورتحال اور انتشار سے پاکستان سٹاک ایکسچینج بری طرح متاثر ہوئی جس میں تین ہزار پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی۔

انہوں نے کہاکہ وفاقی دارلحکومت میں صورتحال معمول پر آنے کے بعد اگلے ہی روز سٹاک ایکسچینج میں دوبارہ کاروبار میں تیزی دیکھی گئی۔

وزیراعظم نے مربوط حکمت عملی کے ساتھ ترقی کی جانب بڑھنے پر زور دیا تاکہ معاشی استحکام کے ساتھ مجموعی ملکی پیداوار میں بہتری لائی جاسکے۔

انہوں نے معیشت کی بہتری کیلئے برآمدات، ترسیلات زر اور پیداوار میں اضافے، مقامی صنعت کو مضبوط کرنے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور خصوصی اقتصادی زونز کی ترقی کیلئے مختلف شعبوں میں سخت محنت کرنے پر زور دیا۔