Thursday, 26 December 2024, 03:03:33 pm
 
سینیٹ،یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کی بندش کا کوئی منصوبہ نہیں،رانا تنویر
November 01, 2024

سینیٹ کو آج بتایا گیا کہ حکومت کا یوٹیلیٹی اسٹور کارپوریشن بند کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔

صنعتوں و پیداوار کے وزیر رانا تنویر حسین نے وقفہ سوالات کے دوران ایوان کو بتایا کہ یوٹیلیٹی سٹورزکارپوریشن کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کیلئے اس کی تشکیل نو کا کام جاری ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ تشکیل نو کے دوران یوٹیلیٹی سٹورز ملازمین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائیگا۔

 وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے ایک سوال کے جواب میں ایوان کو بتایا کہ چودہ سو انتیس ارب روپے کی لاگت سے بلوچستان میں سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام کے دوسو منصوبوں پر کام جاری ہے۔

احسن اقبال نے بہتر خدمات کی فراہمی کیلئے صوبوں کی انتظامی استعداد کا ر بہتر بنانے کی ضرورت پرزوردیا۔

 خزانے کے وزیر مملکت علی پرویز ملک نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ حکومت کے موثر اقدامات کی بدولت ہر ماہ مہنگائی میں کمی آرہی ہے۔

انہوں نے کہا شرح منافع مزید کم ہو گی جس سے لازمی طور پر صنعتی شعبے اور عام آدمی کو فائدہ ہو گا۔

صنعتوں و پیداوارکے وزیر رانا تنویر حسین نے کہاکہ حکومت الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کو فروغ دینے کے حوالے سے ایک پالیسی مرتب کررہی ہے جو رواں ماہ منظر عام پرلائی جائے گی۔

 انہوں نے کہا کہ حکومت نے الیکٹرک گاڑیوں کے صارفین کی سہولت کیلئے موٹروے پر چالیس چار جنگ پوائنٹ قائم کرنے کے لئے مقامات کی نشاندہی کرلی ہے۔