Monday, 02 December 2024, 02:11:02 am
 
پاکستان،قطر کا تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کا عزم
November 01, 2024

پاکستان اور قطر نے اقتصادی شراکت داری اور باہمی مفاہمت کو فروغ دینے اور دوطرفہ تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

یہ بات وزیراعظم شہباز شریف کے قطر کے دورے کے اختتام کے بعد آج جاری ہونے والے یک مشترکہ بیان میں کہی گئی ۔

وزیراعظم نے اپنے دورے میں قطر کی ریاست کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے دوحہ میں ملاقات کی جہاں امیرِقطر نے شہباز شریف اور ان کے وفد کا خیرمقدم کیا۔

ملاقات میں خاص طور پر سرمایہ کاری اور تجارت میں دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات مستحکم کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی جبکہ دوسرے شعبوں میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس کے علاوہ قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں فریقین نے معیشت، تجارت، سرمایہ کاری اور ثقافتی وفود کے تبادلوں کیلئے تعاون کے مختلف راستے تلاش کر کے دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی اقتصادی ترقی میں مدد دینے پر قطر کے کردارپر اظہار تشکر کیا اور قطر میں بڑی تعداد میں موجود پاکستانی برادری کی تعریف کی جو دونوں ملکوں کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔

فریقین نے علاقائی اور عالمی اُمور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور موجودہ چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے مسائل کے پُرامن حل اور مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب اور قطر کا دورہ مکمل کر کے اسلام آباد واپس آ گئے ہیں۔