پاکستان اور روس کے تجارت اور سرمایہ کاری فورم کا پہلا اجلاس ماسکو میں جاری ہے۔
وزیرنجکاری عبدالعلیم خان نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ فورم دونوں ملکوں کے درمیان نئے دوطرفہ تعلقات کا آغاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان روس کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے انہوں نے زور دیا کہ فریقین مختلف شعبوں میں مشترکہ طور پر کام کرنے کی وسیع گنجائش رکھتے ہیں۔
وزیر نجکاری نے پاکستان میں کاروبار کے لئے سازگار ماحول کو اجاگر کیا۔اس موقع پر روس میں پاکستان کے سفیر محمد خالد جمالی نے پاکستان اور روس کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم ایک ارب ڈالر سے تجاوز کرنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کی جانب سے اقتصادی اور تجارتی تعلقات کے فروغ کے لئے دلچسپی کی عکاسی ہوتی ہے۔
سفیر نے کہا کہ پاکستان اقتصادی تعلقات بڑھانے کے لئے روس کے ساتھ کام کرنے کا خواہش مند ہے۔