Saturday, 27 April 2024, 08:40:55 am
ساٹھ ہزار پاکستانیوں سمیت لاکھوں عازمین حج نے مسجد الحرام میں نماز جمعہ ادا کی
July 01, 2022

ساٹھ ہزار سے زائد پاکستانی حجاج کرام سمیت دنیا بھر سے آئے لاکھوں عازمین حج نے مسجد الحرام میں جمعہ کی نماز ادا کی۔ اس موقع پر سعودی حکومت کی جانب سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ ساتھ ہی پاکستانی حج مشن مکہ نے پاکستانی عازمین حج کو بروقت حرم میں پہنچانے، ان کی رہنمائی اور رہائش گاہوں تک واپسی کیلئے خصوصی اقدامات کئے تھے۔ حاجیوں کو صبح 10 بجے تک شٹل سروس کے ذریعہ مسجد الحرام پہنچا دیا گیا تاکہ انہیں شدید دھوپ اور گرمی سے بچاتے ہوئے مسجد کے اندر جگہ مل سکے۔ ڈائرکٹر جنرل حج ابرار احمد مرزا ، ڈائریکٹر حج مکہ ساجد منظور اسدی اور ڈائریکٹر حج مدینہ ضیاء الرحمان کی زیر سرپرستی حج مشن کے معاونین اور سیزنل سٹاف نے خدمات سرانجام دیں ۔ اس موقع پر شدید رش اور تپتی گرمی کے باوجود معاونین کی جانب سے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ دیکھنے میں آیا۔ کئی مقامات پر عازمین کی سہولت کے لئے اسپیکر کے ذریعے روٹ کی نشاندہی اور بسوں تک پہنچانے کیلئے اعلانات کئے جارہے تھے۔ دریں اثنا ری بخش سیکٹر میں مقیم پاکستانی حجاج کرام نے حج مشن کی جانب سے رہائش، کھانے اور ٹرانسپورٹ کے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے حکومت پاکستان ، وزارت مذہبی امور اور پاکستان حج مشن کے کردارکو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔ ٗریڈیو پاکستان اور اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوٴے عازمین حج نے کہا کہ ہم یہاں بہت خوش ہیں اور کسی قسم کی کوئی پریشانی کا سامنا نہیں ہے ،۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ معیار کے ہوٹلوں میں رہائش اور بہترین کھانے کا مینو رکھا گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ حرم کے قریب رہائش ہونے کے باوجود حج مشن نے شٹل سروس بھی فراہم کررکھی جس کے باعث عازمین کیلئے حرم آنے جانے کیلئے زبردست سہولت مل رہی ہے۔