Monday, 25 November 2024, 04:35:13 am
 
ریڈیوپاکستان کےدوملازمین کوروناوائرس کےباعث جاں بحق
May 28, 2020

انتہائی افسوس کے ساتھ اطلاع دی جاتی ہے کہ ریڈیوپاکستان کے دوملازمین آج کورونا وائرس کے باعث جاں بحق ہوگئے ۔سینئربراڈ کاسٹ انجینئرمحمد اشفاق اور اردوزبا ن کی نیوز ریڈر ہما ظفر وائرس سے انتقال کرگئے ۔محمد اشفاق ریڈیوپاکستان کے مستقل ملازم تھے اور قابلیت اور فنی مہارت میں بے مثال تھے ۔ وہ نہایت مفکرالمزاج شخصیت کے مالک تھے ۔ہماظفر کنٹریکٹ بنیاد پرکام کرنے والے نیوزریڈر تھیں اور گزشتہ 20سال سے پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن میں قومی خبریں پڑھ رہی تھیں ۔وہ اعلیٰ تعلیمیافتہ خاتون تھیں جنہوں نے بیرو ن ملک سے نفسیات کے مضمون میں پی ایچ ڈی کی ۔وہ وقار النساء گرلز کالج راولپنڈی میں بھی سینئرپروفیسرکے طور پر خدمات انجا م دے رہی تھیں ۔اطلاعات ونشریات کے وزیرشبلی فراز، سیکرٹری اطلاعات اکبر حسین درانی ، ریڈیو پاکستان کی ڈائریکٹر جنرل امبرین جان ، قومی نشریاتی ادارے کے تما م ڈائریکٹرز اور عملے نے ادارے کے دونوں ملازمین کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس اور سوگوار خاندانوں سے ہمدردی کااظہار کیاہے ۔ادھر پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کی ڈائریکٹرجنرل نے پی بی سی ہیڈکوارٹرز میں ایک اجلاس کے دوران متعلقہ عملے کوتمام شعبوں میں احتیاطی تدابیرپرسختی سے عملدر آمد کی ہدایت کی تاکہ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔

کل مورخہ 29.5.2020 بروز جمعۃ المبارک دن ساڑے گیارہ بجے ریڈیو پاکستان ھیڈ کوارٹرز اسلام آباد کے سبزہ زار میں مرحومین کے لئے دعائے مغفرت کا اھتمام کیا گیا ھے۔