منصوبہ بندی کے وزیر اسد عمر نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبوں پر کام کی رفتار برقرار رکھنے اور ان کی جلد تکمیل یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔
انہوں نے منگل کے روز اسلام آباد میں سی پیک کے بارے میں کابینہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک چین پاکستان اقتصادی تعاون میں اضافے کے لئے ایک ترجیحی منصوبہ ہے۔فورم نے سی پیک کے تحت ورکنگ گروپس کے مختلف منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔اجلاس میں صنعتی تعاون' توانائی' بنیادی ڈھانچے' گوادر' سائنس و ٹیکنالوجی' سماجی و اقتصادی ترقی' زراعت' ٹرانسپورٹ اور روابط میں سی پیک منصوبوں پر مجموعی پیشرفت اور ان منصوبوں پر عملدرآمد میں حائل مسائل کے بارے میں بتایا گیا۔کمیٹی نے اس امر پر بھی زور دیا کہ متعلقہ وزارتوں کو تصفیہ طلب بین الوزراتی مسائل باضابطہ طور پر سی پیک کے بارے میں کابینہ کمیٹی کے سامنے پیش کرنا چاہیے اور ان کے حل کے لئے سفارشات بھی دینی چاہیے۔کمیٹی نے کہا کہ مختلف منصوبوں پر نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔