Saturday, 21 December 2024, 07:53:13 pm
 
دہشت گرد عناصر کے جال سے بچانے پربلوچستان حکومت کی شکر گزار ہوں، عدلیہ بلوچ
September 25, 2024

تربت سے گرفتار کی گئی خودکش حملہ آور خاتون عدیلہ بلوچ نے اسے دہشت گرد عناصر کے جال سے بچانے پر بلوچستان حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے۔

عدیلہ بلوچ نے آج کوئٹہ میں ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ وہ ایک کوالیفائیڈنرس ہیں تاہم بدقسمتی سے وہ بعض ایسے عناصر سے رابطے میں آگئیں جنہوں نے انہیں خودکش حملہ کرنے پر اکسایا۔

عدیلہ بلوچ نے کہا کہ جب انہیں پہاڑوں پر لے جایا گیا تو انہیں اپنی غلطی کا احساس ہوگیا جہاں حالات انتہائی مشکل تھے۔

عدیلہ بلوچ نے کہاکہ اس نے وہاں نوجوانوں کوبھی دیکھا جنہیں دہشت گرد اُکسا رہے تھے۔

عدیلہ بلوچ نے اس تاثر کو مسترد کردیا کہ بلوچ خواتین اپنی مرضی سے خودکش حملہ کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا دہشت گرد عناصر انہیں بلیک میل کرتے اور اکساتے ہیں اور کہا کہ انہیں بھی کچھ اس طرح سے اکسایا گیا کہ وہ سمجھ نہیں پائیں۔

انہوں نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم سے بچ نکلنے پر اطمینان کا اظہار کیا۔

 

عدیلہ بلوچ نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ ایسے عناصر کے جال میں نہ پھنسیں جو انہیں اپنے مقاصد کیلئے استعمال کرتے ہیں۔