Friday, 22 November 2024, 01:50:41 am
 
حکومت اسلام آباد میں کسی سیاسی ریلی یا اجتماع کی اجازت نہیں دے گی،وزیرداخلہ
November 21, 2024

فائل فوٹو

وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ حکومت وفاقی دارالحکومت میں بلا اجازت کسی سیاسی ریلی یا اجتماع کی اجازت نہیں دے گی۔

انہوں نے آج (جمعرات کو)شام اسلام آباد میں ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو ملک کے کسی حصے میں احتجاجی مظاہرے منعقد کرنے پر کوئی اعتراض نہیں ہے تاہم انہوں نے سوال کیا کہ کیوں ایک سیاسی جماعت ایسے وقت میں اس طرح کے اجتماعات منعقد کرنے پر اصرار کررہی ہے جب غیر ملکی معزز شخصیات وفاقی دارالحکومت کے دورے پر آرہی ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ بیلا روس سے دس وزرا سمیت ایک اعلیٰ سطح کاوفد اتوار کو اسلام آباد کا دورہ کررہا ہے جبکہ بیلا روس کے صدر پاکستان سے اہم مذاکرات کیلئے پیر کو دورے پر آرہے ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ عوام کو سوچنا ہوگا کہ ایک سیاسی جماعت ایس سی او کانفرنس کے انعقاد اور غیرملکی شخصیات کے دورے کے وقت کیوں اسلام آباد میں سیاسی مظاہرے کرتی ہے۔

تاہم انہوں نے واضح کیاکہ ملک کے مہمانوں اور اسلام آباد کے عوام کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا پنجاب پولیس، رینجرز، اسلام آباد پولیس اور ایف سی کے تعاون سے اس حوالے سے مناسب انتظامات کئے جارہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب پر محسن نقوی نے کہا کہ اس وقت بانی پی ٹی آئی سے کوئی بات چیت نہیں ہورہی ۔ انہوں نے کہا دھمکیاں دینے سے بات چیت نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا بانی پی ٹی آئی سے جبراً مذاکرات کا کوئی امکان نہیں ہے۔